ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے انقلابی منصوبوں کا نفاذ: ایچ کے پاٹل

دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے انقلابی منصوبوں کا نفاذ: ایچ کے پاٹل

Sun, 24 Jul 2016 10:48:26  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو23؍جولائی(ایس او نیوز) دیہی علاقوں کی ترقی کو تیز رفتار کرنے کیلئے امسال یوم آزادی کے موقع پر وزیر اعلیٰ سدرامیا میرا گاؤں میرا منصوبہ ‘‘ نامی انقلابی اسکیم کا اعلان کریں گے۔آنجہانی سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے جنم دن 20اگست سے اس اسکیم کو نافذ کردیا جائے گا۔ اس اسکیم کو کامیاب بنانے کیلئے ریاست کے ہر گرام پنچایت صدر اور اراکین کا تعاون درکار ہے۔ یہ بات وزیر برائے دیہی ترقیات پنچایت راج ایچ کے پاٹل نے کہی۔انہوں نے کہاکہ دیہی علاقوں کی طرف خاص توجہ دینے یہ اسکیم لاگو کی جارہی ہے۔ ضلع ، تعلقہ اور گرام پنچایت صدور ونائب صدور کو اس پروگرام کے نفاق میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا۔ آج کرناٹکا پنچایت پریشد کے زیر اہتمام ضلع اور تعلقہ پنچایتوں کیلئے نو منتخب اراکین کی ایک کارگاہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 1993میں پنچایت راج قانون کے ذریعہ ملک میں دیہی آزادی لانے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ ریاست کے سبھی دیہی علاقوں میں 2018 تک ہر گھر کو ایک بیت الخلاء کی فراہمی مکمل کرلی جائے گی اور کھلے میں گندگی کرنے کے سلسلے کو ختم کردیا جائے گا۔ دکشن کنڑا ، کوپل ، شیموگہ سمیت ریاست کے سات اضلاع میں اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، جلد ہی ان اضلاع کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور بیت الخلاء کی تعمیر کیلئے منصوبوں کی فراہمی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ نومنتخب پنچایت صدور ونائب صدور کو چاہئے کہ ہر معاملہ سرکاری افسران پر نہ چھوڑیں بلکہ انہیں حاصل امتیازی اختیارات کا مکمل استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ دکشن کنڑا ،کوپل اور شیموگہ سمیت سات اضلاع میں یہ پراجکٹ شروع کیا جارہا ہے۔ خصوصی توجہ کے ساتھ ان اضلاع میں کھلے میں گندگی کرنے پر روک لگائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ضلع پنچایت صدور کو محض لال بتی کی گاڑی پر مطمئن نہیں ہونا چاہئے۔ بلکہ اگر انہوں نے عوام کی بڑھ چڑھ کر خدمات کی تو آنے والے دنوں میں ان کیلئے بہتر ماحول بن سکتا ہے، اور ان کو منتخب کرنے والے عوام بھی پریشانیوں سے باہر نکل سکیں گے۔ 


Share: